امام اعظم ابو حنیفہ رحمہ اللہ کی ذات گرامی کسی تعارف کی محتاج نہیں ہے اس وقت دنیا میں سب سے زیادہ علماء اور پیروکار انہیں کے مسلک کے ہیں،جو اپنے آپ کو حنفی کہتے ہیں، تقریباً تیرہ سو برس سے اسلامی اور غیر اسلامی ممالک میں پھیلے ہوئے مسلمان امامِ اعظم ابو حنیفہؒ کے اجتہادی مسائل سے استفادہ کرتے چلے آ رہے ہیں۔ دنیا کا غالب حصہ آپ کے مسائل کا پیرو ہے۔ یہی وجہ ہے کہ عربی، فارسی، ترکی بلکہ یورپ کی زبانوں میں بھی آپؒ کی نہایت کثرت سے سوانح عمریاں لکھی گئیں۔ امام صاحب کے زندگی کے ہر پہلو و گوشے پر لکھا گیا، سیکڑوں کتابیں اور آرٹیکل انٹرنیٹ پر بھی موجود ہیں، ، کچھ کتابیں تو بہت ہی ضخیم ہیں اور کچھ مختصر، ان میں سے اکثر کتابیں علمی مباحث پر مشتمل ہیں جن سے علماء اور پڑھا لکھا طبقہ ہی فائدہ اٹھا سکتا ہے، عام آدمی اور کم پڑھے لکھے لوگوں کے لئے اس کو پڑھنا اور سمجھنا ممکن نہیں ہے دوسری بات کتاب بینی کا رجحان بھی اب بہت کم ہوتا جارہا ہے اور ریسرچر اور ریڈر اپنے موضوع کے متعلق پڑھنے کے لیے انٹرنیٹ کو ترجیح دیتے ہیں۔ اس کے علاوہ بعض معتقدین نے جوشِ اعتقاد میں امام صاحبؒ کی ایسی تصویر کھینچی ہے جس سے ان کی اصلی صورت پہچانی نہیں جاتی مثلاً تیس برس تک متصل روزے رکھنا، تورات میں آپ کی بشارت کا موجود ہونا، چالیس سال تک عشا کے وضو سے فجر کی نماز پڑھنا وغیرہ وغیرہ‘‘ بالکل اسی طرح کچھ حاسدین نے تقلید کی مخالفت اور بغض و عداوت میں آپ کی بلند بالا شخصیت کو مجروح اور داغدار بنانے کی کوشش بھی کی ہے، کچھ لوگوں نے تو (معاذ اللہ) آپ پر ملحد، گمراہ اور مخالفِ سنتِ نبوی کا الزام تک لگایا ہے۔ اس مدح سرائی اور الزام بازی کا سلسلہ آپ کے دور سے لے کر آج تک جاری ہے۔ ہم نے یہ ضرورت محسوس کی کہ ایک یونی کوڈ اردو میں سائیٹ ترتیب دی جائے تا کہ ہر چاہنے والا سرچ کرکے اس تک پہنچ سکے اور مواد آپ رحمہ اللہ کی زندگی کے تمام پہلوؤں پر محیط ہو نیز افراط و تفریط سے بالا تر ہو۔ آسان اور سلیس زبان میں امام صاحب کی مکمل سوانح ، فقہ حنفی کی خصوصیات، ترجیحات اور دلائل اور امام صاحب اور انکی فقہ حنفی پر ہونے والے اعتراضات کے دلائل کے ساتھ جوابات دے دیے جائیں۔ ،
دعاء ہے کہ اللہ رب العزت اس کام کو شرفِ قبولیت سے نوازے اور جن لوگوں نے اس کام کے سلسلے میں تعاون کیا ہے اللہ انکی محنتوں کو قبول فرمائے اور جزائے خیر عطا فرمائے۔
0 comments:
اگر ممکن ہے تو اپنا تبصرہ تحریر کریں
اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔اگر آپ کے کمپوٹر میں اردو کی بورڈ انسٹال نہیں ہے تو اردو میں تبصرہ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کرکے شائع کردیں۔